چیچن فوج نے اعلان کیا ہے کہ اگر امریکا ایران پر حملہ کرے تو وہ ایران کی مدد کریں گے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیچن فوجی یونٹس نے اعلان کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر زمینی حملہ کیا تو وہ ایرانی افواج کی مدد کے لیے میدان میں اتریں گے۔ چیچن قیادت نے جاری کشیدگی کو مذہبی جنگ قرار دیتے ہوئے اسے جہاد سے تعبیر کیا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی پریس ٹی وی کے مطابق رمضان قدیروف کے وفادار چیچن فوجی دستوں نے ایران میں تعیناتی کے لیے اپنی تیاری کا اعلان کیا ہے۔ یہ دستے اس صورت میں مداخلت کریں گے جب امریکا ایران کے خلاف زمینی کارروائی شروع کرے گا۔
چیچن فورسز کا کہنا ہے کہ وہ جاری تنازع کو مذہبی جنگ سمجھتے ہیں اور اگر براہ راست مداخلت ہوئی تو اسے جہاد تصور کریں گے، جسے انہوں نے حق اور باطل کی جنگ قرار دیا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے اور حالیہ ہفتوں میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹس کے مطابق امریکا زمینی کارروائی پر بھی غور کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ چیچن فورسز، جنہیں ‘کدیروفسی’ بھی کہا جاتا ہے، ماضی میں روس کے ساتھ یوکرین سمیت مختلف تنازعات میں شریک رہ چکی ہیں، اور اب ممکنہ طور پر ایران کے حق میں بھی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔











