بنوں میں تیز بارشوں سے 9 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے، گھروں کی چھتیں گرنے سے حادثات پیش آئے۔
بنوں: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بنوں میں تیز بارشوں کے باعث متعدد گھروں کی چھتیں گر گئیں، جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے۔
کوٹکہ غلام قادر میں برآمدہ گرنے سے دو بچے جاں بحق جبکہ 35 افراد زخمی ہوگئے۔ والخئ ممہ خیل میں کمرے کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔ شمدی کلہ مندیو میں بھی کمرے کی چھت گرنے سے ایک خاتون کی جان چلی گئی۔
پی ڈی ایم اے نے 25 مارچ سے جاری بارشوں کے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ مختلف اضلاع میں 9 افراد جاں بحق اور 47 زخمی ہوئے ہیں۔ حادثات بنوں اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے ہیں۔
صوبے میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
یاد رہے کہ تیز بارشوں کے باعث بنوں اور شمالی وزیرستان میں پہلے بھی نقصانات ہوچکے ہیں، جس کی بنا پر حکام نے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔














