پاکستان کو ملنے والے بیرونی قرضوں میں 18.37 فیصد اضافہ، 6 ارب 86 کروڑ ڈالر کے نئے قرضے حاصل کیے گئے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کو ملنے والے نئے بیرونی قرضوں میں 18.37 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ حکومت نے جولائی سے فروری تک آئی ایم ایف سمیت 6 ارب 86 کروڑ ڈالر کے نئے قرضے حاصل کیے جن کی مجموعی مالیت ایک ہزار 904 ارب روپے ہے۔
پاکستان کو جولائی تا فروری 5.86 ارب ڈالر کی بیرونی مالی معاونت ملی۔ 5.76 ارب ڈالر کے نئے قرضوں میں 9 کروڑ 22 لاکھ ڈالر گرانٹ شامل ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کی نسبت قرضوں میں 91 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔ آئی ایم ایف کی 1 ارب ڈالر قسط ملا کر حجم 6.76 ارب ڈالر ہو گیا۔
پاکستان نے یومیہ بنیاد پر 7.86 ارب روپے کا نیا قرضہ حاصل کیا۔ سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر، چین نے 1 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کیا۔ پہلے 8 ماہ میں عالمی مالیاتی اداروں نے 2.37 ارب ڈالر فراہم کیے۔ نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی مد میں 1.76 ارب ڈالر قرض لیا گیا۔
اسلامی ترقیاتی بینک نے مختصر مدت کے لیے 48 کروڑ ڈالر سے زائد قرض دیا۔ آئی بی آر ڈی بینک نے 35 کروڑ ڈالر سے زائد قرض فراہم کیا۔ سعودی عرب نے 33 لاکھ ڈالر گرانٹ سمیت 81 کروڑ ڈالر فراہم کیے۔ سعودی عرب نے 80 کروڑ ڈالر کا ادھار تیل بھی فراہم کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو اقتصادی چیلنجز کا سامنا ہے اور بیرونی قرضوں کا بڑھتا ہوا بوجھ مالی استحکام کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ حکومت کو قرضوں کی منصوبہ بندی میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔















