کئی اسرائیلی شہر ایرانی میزائلوں کے حملوں میں لرز اٹھے، اسرائیلی دفاعی نظام ناکام

ایران نے اسرائیل کے شہروں اور خلیجی اڈوں پر میزائل حملے کیے، جس میں 200 سے زائد افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ اسرائیل نے کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
کئی اسرائیلی شہر ایرانی میزائلوں کے حملوں میں لرز اٹھے، اسرائیلی دفاعی نظام ناکام

تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تازہ میزائل حملوں میں اسرائیل کے کئی شہروں میں فوجی تنصیبات اور سکیورٹی مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی بیان کے مطابق اراد، دیمونا، ایلات، بیر السبع اور کریات گات میں اہداف پر حملے کیے گئے۔

اسرائیل کے جنوبی علاقے نقب میں واقع دیمونا شہر پر میزائل حملہ کیا گیا ہے، جہاں اسرائیل کے جوہری پروگرام سے منسلک اہم تنصیبات موجود ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ایک بیلسٹک میزائل دفاعی نظام کو عبور کرتے ہوئے شہر میں براہ راست جا گرا، جبکہ اطراف میں مزید کئی دھماکوں کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق دیمونا ہفتے کے روز بار بار حملوں کی زد میں رہا اور شہر میں 7 مرتبہ فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے۔ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق یہ حملہ نطنز کی جوہری تنصیب پر کارروائی کے جواب میں کیا گیا۔ اس سے پہلے ایران کی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اپنے تازہ میزائل حملوں میں دیمونا، اراد، ایلات، بیر السبع اور کریات گات میں فوجی تنصیبات اور سکیورٹی مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔

پاسداران انقلاب نے مزید کہا کہ اس نے کویت میں علی السالم اڈے جبکہ متحدہ عرب امارات میں المنہاد اور الظفرہ اڈوں کو بھی نشانہ بنایا۔ ایرانی بیان کے مطابق ان حملوں میں 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل نے کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی۔ اسرائیلی ایمبولینس سروس کے مطابق اراد میں 88 افراد زخمی ہوئے، جبکہ دیمونا میں 39 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

حملوں کے نقصانات اور ہلاکتوں کے بارے میں ایران اور اسرائیل کے دعووں میں واضح فرق سامنے آیا ہے۔ خلیجی اڈوں پر حملوں سے متعلق متعلقہ ممالک کی جانب سے مکمل تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئیں۔

یاد رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی میں حالیہ دنوں میزائل اور ڈرون حملوں میں تیزی آئی ہے، جس کے باعث خطے کی سکیورٹی صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں