ڈیمونا میں ایرانی میزائل حملے سے عمارت تباہ ہو گئی، 20 افراد زخمی ہوئے۔
ڈیمونا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسرائیل کے جنوبی شہر ڈیمونا میں ایرانی بیلسٹک میزائل حملے کے نتیجے میں ایک عمارت تباہ ہو گئی اور 20 اسرائیلی زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق یہ حملہ ایران کی جانب سے جاری نئے میزائل آپریشن کا حصہ ہے۔
ایران نے وعدہ صادق نامی آپریشن کے تحت وسطی اسرائیل کے 10 مقامات کو میزائلوں کا نشانہ بنایا ہے، جن میں کلسٹر وار ہیڈ والے میزائل بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی ریسکیو ادارے کے مطابق میزائل ایک عمارت پر براہِ راست گرا، جس سے جانی و مالی نقصان ہوا۔ ویڈیو میں میزائل کو شہر پر گرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق میزائل کے ٹکرانے سے عمارت منہدم ہوئی، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
حملے کے بعد شہر میں خطرے کے سائرن بج اٹھے اور لوگ خوفزدہ ہوکر شیلٹز میں پناہ لیتے دیکھے گئے۔













