اڈیالہ جیل میں بدعنوانی کے الزامات پر 3 ملازمین معطل، محکمہ داخلہ نے 25 مارچ کو سماعت کے لیے طلب کیا ہے۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اڈیالہ جیل میں بدعنوانی اور فرائض میں غفلت کے الزامات پر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سمیت تین ملازمین کو 90 روز کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے ان افراد کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
معطل ہونے والوں میں انچارج ویٹنگ شیڈ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ عمران شہزاد، انچارج سامان تلاشی وارڈر سہیل احمد اور امدادی سامان وصولی وارڈر شفقت نوید شامل ہیں۔ یہ کارروائی ڈی جی مانیٹرنگ ہوم ڈیپارٹمنٹ اطہر سعید کے اچانک دورے کے دوران عمل میں آئی۔
دورے کے دوران وارڈر سہیل احمد کی جرابوں سے 18 ہزار 220 روپے برآمد ہوئے جو مبینہ طور پر رشوت کے طور پر وصول کیے گئے تھے۔ وارڈر شفقت نوید کو غیر قانونی سرگرمی روکنے میں ناکامی پر جبکہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ عمران شہزاد کو ماتحت عملے کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے میں ناکامی پر معطل کیا گیا۔
محکمہ داخلہ نے معطل ملازمین کو 25 مارچ کو ذاتی حیثیت میں سماعت کے لیے طلب کیا ہے۔ عدم تسلی بخش جواب کی صورت میں انہیں پیڈا ایکٹ کے تحت ملازمت سے برطرفی یا جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔














