مری میں بارش و ژالہ باری کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہوگئی ہیں۔ ڈی پی او مری نے شہریوں اور سیاحوں کو غیرضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت دی ہے۔
مری: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مری میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے مسلسل بارش اور ژالہ باری کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے ڈی پی او مری نے شہریوں اور سیاحوں کو غیرضروری سفر سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ڈی پی او مری کا کہنا ہے کہ بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے حادثات کے خطرات میں اضافہ ہوگیا ہے اور پھسلن کے باعث ڈرائیونگ انتہائی خطرناک ہوگئی ہے۔ موسم کی شدت میں اضافے پر مری میں مزید سفری پابندیاں لگائی جارہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مری میں موجود سیاح غیرضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کی ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں۔ دھند، بارش اور ژالہ باری کے باعث مختلف مقامات پر حدِ نگاہ کم ہے، جس کے باعث سفر کے دوران احتیاط برتنا ضروری ہے۔
ڈی پی او نے سیاحوں کو مشورہ دیا کہ سفر سے پہلے موسم اور روڈ کنڈیشن ضرور چیک کریں اور پولیس و انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، لہذا انتہائی ضرورت کے علاوہ سفر نہ کریں۔













