میٹا نے فیس بک پر ٹک ٹاک اور یوٹیوب صارفین کے لیے نئے پروگرام کا اعلان کیا ہے جس کے تحت صارفین کو ویڈیوز پوسٹ کرنے پر ماہانہ آمدنی کی پیشکش کی جائے گی۔
نیو یارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) میٹا نے انٹرنیٹ صارفین کے لیے فیس بک پر کمانے کا نیا ذریعہ متعارف کرایا ہے۔ کمپنی نے ایک پروگرام پیش کیا ہے جس کا مقصد ٹک ٹاک اور یوٹیوب کے مشہور صارفین کو فیس بک پر لانا ہے۔ اس پروگرام کے تحت، صارفین کو فیس بک پر ویڈیوز پوسٹ کرنے پر ماہانہ آمدنی کی پیشکش کی جائے گی۔
کریٹیر فاسٹ ٹریک پروگرام کے ذریعے ٹک ٹاک یا یوٹیوب پر مقبول افراد کو فیس بک پر ماہانہ ایک تا تین ہزار ڈالرز کی آمدنی اور وسیع تر صارفین تک رسائی فراہم کی جائے گی۔ اگر کسی کے انسٹا گرام، ٹک ٹاک یا یوٹیوب پر ایک لاکھ فالوورز ہیں، تو انہیں فیس بک پر مواد پوسٹ کرنے کے عوض ایک ہزار ڈالرز ماہانہ دیے جائیں گے، جبکہ دس لاکھ سے زائد فالوورز والے صارفین کو تین ہزار ڈالرز ماہانہ ملیں گے۔
پروگرام میں شامل ہونے کے لیے صارفین کو 30 دن کے اندر کم از کم 15 ریلز فیس بک پر پوسٹ کرنا ہوں گی، جو کہ 10 مختلف دنوں میں ہونی چاہئیں۔ مواد صارف کا اپنا تیار کردہ ہونا ضروری ہے، چاہے وہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس کی مدد سے کیوں نہ تیار کیا گیا ہو۔
میٹا نے 2025 میں صارفین کو 3 ارب ڈالرز کی ادائیگیاں کیں، جو 2024 کے مقابلے میں 35 فیصد زیادہ تھیں۔ اس پروگرام کا مقصد زیادہ سے زیادہ صارفین کو فیس بک پر لانا ہے، جہاں صارفین کی تعداد 3 ارب سے زیادہ ہے، لیکن مقبول کریٹیرز کو یہاں لانے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔















