پاکستان ریلوے نے تمام رعایتی کرایوں پر 50 فیصد کی حد مقرر کر دی، صحافیوں کو 80 فیصد کی بجائے 50 فیصد رعایت ملے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان ریلوے نے رعایتی کرایوں کی نئی پالیسی کے تحت تمام رعایتی کرایوں پر 50 فیصد کی حد مقرر کر دی ہے۔ یہ تبدیلی وفاقی وزیر برائے ریلوے کی ہدایات پر کی گئی، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
اس تبدیلی کے مطابق، صحافیوں کو دی جانے والی رعایت جو پہلے 80 فیصد تھی، اب 50 فیصد کر دی گئی ہے۔ صحافیوں کی شریک حیات کو دی جانے والی رعایت کو بھی فوری طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ رعایتی پالیسی کا اطلاق سال میں 10 سنگل سفروں تک ہوگا، اور یہ تمام ٹرینوں کے ساتھ ساتھ تمام کلاسز پر دستیاب ہوگی۔ تاہم، گرین لائن، پاک بزنس، شاہ حسین ایکسپریس اور آؤٹ سورسڈ ٹرینیں اس رعایت سے مستثنیٰ ہوں گی۔
پاکستان ریلویز کے مطابق، اس نئی پالیسی کا مقصد تمام مستحق افراد کے ساتھ یکساں سلوک کو یقینی بنانا اور ممکنہ امتیاز کا خاتمہ کرنا ہے۔













