اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب ریمانڈ کی مدت میں اضافے کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب ریمانڈ کی مدت 14 دن سے بڑھا کر 40 دن کرنے کے آرڈیننس کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس انعام امین منہاس نے درخواست کی سماعت کی اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اپریل کے پہلے ہفتے تک جواب طلب کرلیا۔
درخواست میں وکیل اظہر صدیق نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھنے کے لیے یہ قانون سازی کی گئی، جس کے ذریعے ریمانڈ میں توسیع کا آرڈیننس بدنیتی پر مبنی قرار دیا گیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق ریمانڈ کی مدت میں اضافہ آئین اور بنیادی حقوق کے منافی ہے اور سپریم کورٹ کے طے شدہ قانونی اصولوں کے خلاف ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ صدارتی آرڈیننس کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔













