ٹرمپ نے اسرائیل کو ایران کی توانائی تنصیبات پر مزید حملے کرنے سے روک دیا، جنوبی پارس گیس فیلڈ پر حملے کے بعد یہ اقدام اٹھایا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کو ایران کی توانائی تنصیبات پر مزید حملے کرنے سے روک دیا ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کو واضح پیغام دیا جا چکا ہے، اس لیے اب توانائی کے شعبے کو نشانہ بنانے کی مزید ضرورت نہیں رہی۔
اسرائیل نے بدھ کے روز ایران کے جنوبی پارس گیس فیلڈ پر حملہ کیا، جو دنیا کے بڑے گیس ذخائر میں شمار ہوتا ہے اور ایران کی معیشت کے لیے نہایت اہم ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ کو اس حملے کا پہلے سے علم تھا، لیکن ان کا مؤقف حتمی نہیں سمجھا جا رہا۔
ایران نے خبردار کیا ہے کہ وہ خطے میں موجود ان تمام تیل تنصیبات کو نشانہ بنائے گا جو امریکی کمپنیوں کی ملکیت ہیں یا ان کے زیر انتظام چل رہی ہیں۔ اسی تناظر میں ایران نے قطر کے راس لفان انڈسٹریل سٹی پر میزائل حملہ کیا، جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ قطر انرجی کے مطابق اس حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔













