کیا آپ نے کبھی ایسی فیکٹری کے بارے میں سنا ہے جہاں انسان نہیں بلکہ مشینیں کام کر رہی ہوں؟ پروڈکٹس بن رہی ہیں، پیک ہو رہی ہیں اور معائنہ ہو رہا ہے، وہ بھی بغیر کسی وقفے کے۔ یہ کسی سائنس فکشن فلم کا منظر نہیں بلکہ موجودہ دور کی ایک حقیقت ہے، جسے ’ڈارک فیکٹری‘ کہا جاتا ہے۔

ڈارک فیکٹریاں کیا ہیں؟
ڈارک فیکٹریاں مکمل طور پر خودکار کارخانے ہیں جو صنعتی دنیا میں ’لائٹس آؤٹ مینوفیکچرنگ‘ کے نئے دور کا آغاز ہیں۔ چونکہ ان کارخانوں میں انسانی مداخلت کی ضرورت نہیں ہوتی، لہٰذا روشنی کا انتظام بھی غیر ضروری ہو جاتا ہے اور اسی بنیاد پر انہیں ڈارک فیکٹریاں کہا جاتا ہے۔
کام کیسے کرتی ہیں؟
ان فیکٹریوں کا بنیادی ڈھانچہ انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) پر مبنی ہوتا ہے، جہاں تمام مشینیں ایک دوسرے سے جڑی ہوتی ہیں اور حقیقی وقت میں رابطہ کرتی ہیں۔ یہاں روبوٹس خام مال کی نقل و حمل سے لے کر مصنوعات کی تیاری اور پیکنگ تک تمام امور خود سر انجام دیتے ہیں۔
روایتی فیکٹریوں کے برعکس، جہاں کوالٹی کنٹرول کے لیے انسانی ٹیمیں ضروری ہوتی ہیں، یہاں مصنوعی ذہانت (AI) اور مشین لرننگ کے الگورتھمز مصنوعات کو اسکین کرتے ہیں اور کسی بھی خرابی کی فوری نشاندہی کر دیتے ہیں۔ مشینیں خودکار طریقے سے اپنے عمل کو ایڈجسٹ کرتی ہیں، جس سے نہ صرف انسانی غلطیوں کا امکان ختم ہو جاتا ہے بلکہ حادثات اور صنعتی فضلے میں بھی کمی آتی ہے۔
قیام کی وجوہات
ڈارک فیکٹریاں بنیادی طور پر پیداواری لاگت میں کمی، کارکردگی میں اضافہ اور مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے بنائی جا رہی ہیں۔ دنیا کے کئی صنعتی ممالک جیسے چین، جرمنی، اور جاپان میں یہ خودکار فیکٹریاں قائم کی جا رہی ہیں۔ مثال کے طور پر، چین میں شیاؤمی کی بیجنگ کی ڈارک فیکٹری ہر سیکنڈ میں ایک اسمارٹ فون تیار کرتی ہے اور 24 گھنٹے بلا تعطل کام کرتی ہے۔
روایتی فیکٹریوں میں انسانی عوامل جیسے شفٹ، آرام، بیماری اور تھکن پیداوار کو متاثر کرتے ہیں، لیکن ڈارک فیکٹریاں 24 گھنٹے بلا رکاوٹ کام کرتی ہیں، جس سے کمپنیوں کو زیادہ پیداوار اور کم لاگت میں بہتر نتائج حاصل ہوتے ہیں۔

ترقی میں کردار
ڈارک فیکٹریاں دنیا بھر میں صنعتی ترقی کی علامت بن چکی ہیں۔ یہ کاروباروں کو زیادہ منافع فراہم کرتی ہیں اور پیداوار، معیار اور لاگت کے لحاظ سے ایک گیم چینجر ثابت ہو رہی ہیں۔
ماضی میں زیادہ تر ممالک نے سستی مزدوری کی وجہ سے اپنی صنعتیں آف شور منتقل کیں لیکن ڈارک فیکٹریاں ترقی پذیر ممالک جیسے پاکستان کو مقامی سطح پر کم لاگت میں اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کرنے اور عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کا موقع فراہم کر سکتی ہیں۔
پاکستان میں یہ فیکٹریاں ملکی معیشت کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہیں۔ خودکار مینوفیکچرنگ کے ذریعے لاگت میں کمی، مصنوعات کے معیار میں بہتری، مزدوروں کے لیے محفوظ کام کا ماحول، اور سپلائی چین کے استحکام جیسے فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

خطرات اور چیلنجز
ٹیکنالوجی ہمیشہ سے انسانی زندگی میں تبدیلیاں لاتی رہی ہے۔ یہ کبھی آسانیاں پیدا کرتی ہے تو کبھی چیلنجز بھی ساتھ لاتی ہے۔
جہاں ڈارک فیکٹریاں ترقی میں مددگار ہیں، وہیں کچھ خطرات بھی ساتھ لاتی ہیں۔ انسانی مزدوروں کی جگہ مشینیں لینے سے بے روزگاری کا مسئلہ بڑھ سکتا ہے۔ مہنگی ٹیکنالوجی، سائبر سیکیورٹی کے خطرات اور نئے پیشوں کی ضرورت بھی ایک چیلنج ہیں۔
جب بھاپ کے انجن نے صنعتی انقلاب برپا کیا تھا تو اس وقت بھی لوگوں کو خوف تھا کہ مشینیں ان کی ملازمتیں چھین لیں گی۔ لیکن اس کے نتیجے میں نئی ملازمتیں بھی پیدا ہوئیں اور دنیا مزید ترقی کر گئی۔
ڈارک فیکٹریوں کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہونے والا ہے۔ جہاں کچھ روایتی ملازمتیں ختم ہوں گی، وہیں نئی مہارتوں کی مانگ بڑھے گی۔ AI انجینئرز، روبوٹکس ماہرین، ڈیٹا سائنسدان اور آٹومیشن اسپیشلسٹ جیسے پیشے زیادہ مقبول ہوں گے۔
لہٰذا ہمیں خود کو اس کے لیے تیار کرنا ہوگا۔ سیکھنے، سمجھنے اور نئی مہارتیں حاصل کرنے کا یہی وقت ہے۔ جو لوگ خود کو بدلنے میں کامیاب ہوں گے، وہ اس نئے دور میں ترقی کریں گے اور جو پیچھے رہ گئے وہ مشکلات کا سامنا کریں گے۔




