پی ایس ایل کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کی یقین دہانی کرائی، 23 مارچ سے لاہور میں اکٹھا ہوں گے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باوجود آسٹریلیا اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے لیے پاکستان آنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اسٹیو اسمتھ، گلین میکسویل اور مارنس لبوشین سمیت زیادہ تر کھلاڑی پاکستان آکر کھیلنے کو تیار ہیں۔
زمبابوے کے کھلاڑی سکندر رضا پہلے ہی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ آسٹریلوی اسٹار کھلاڑیوں نے اپنی فرنچائزز کو یقین دلایا ہے کہ وہ پاکستان آکر اپنے میچز کھیلیں گے۔
پی سی بی اور فرنچائزرز کی جانب سے کھلاڑیوں کی آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے بڑی ایئرلائنز کے ساتھ بکنگز مکمل کر لی گئی ہیں۔ ہنگامی حالات میں فلائٹس کا بیک اپ پلان بھی تیار کیا گیا ہے۔
تمام ٹیموں کے کھلاڑی 23 مارچ سے لاہور میں اکٹھا ہونا شروع کریں گے تاکہ پی ایس ایل 11 کے میچز کی تیاری مکمل ہو سکے۔















