نیب کا تین سالوں میں 115 کھرب روپے کی ریکوری کا دعویٰ

نیب نے تین سالوں میں 115 کھرب روپے سے زائد کی ریکوری کا دعویٰ کیا ہے، جس میں سرکاری زمین کی واگذاری اور منی لانڈرنگ کے خلاف کارروائیاں شامل ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
نیب کا تین سالوں میں 115 کھرب روپے کی ریکوری کا دعویٰ

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے گزشتہ تین سالوں میں 115 کھرب روپے سے زائد کی ریکوری کا دعویٰ کیا ہے۔ اس دعویٰ کی تفصیلات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں پیش کی گئی نیب کی کارکردگی رپورٹ میں سامنے آئیں۔

رپورٹ کے مطابق نیب نے 48 لاکھ 50 ہزار ایکڑ سرکاری زمین واگزار کروا کر 110 کھرب روپے بچائے۔ مزید برآں ہاؤسنگ سوسائٹیز میں متاثرہ افراد کے 213 ارب روپے واپس دلائے جبکہ منی لانڈرنگ کے خلاف کارروائیوں میں 85 ارب 40 کروڑ روپے کے اثاثے منجمد کیے گئے۔

رپورٹ میں احتساب کے نظام میں رکاوٹوں کی نشاندہی بھی کی گئی، جس میں 50 کروڑ روپے سے کم مالیت کے کرپشن کیسز پر کارروائی نہ ہونا شامل ہے۔ نیب نے تجویز دی ہے کہ کرپشن کیسز میں ملزم کے ذاتی فائدے کو ثابت کرنے کی شرط ختم کر کے صرف قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر سزا دی جائے۔

سال 2025 میں نیب کے 58 فیصد کیسز میں سزائیں ہوئیں جبکہ 42 فیصد ملزمان بری ہو گئے۔ نیب نے کفایت شعاری مہم کے تحت 238 آسامیاں ختم کر کے 66 کروڑ روپے کا بجٹ واپس کیا۔

رپورٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے قائم خصوصی سیل کو مزید فعال بنانے اور کرپشن کی تحقیقات میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال کی منصوبہ بندی بھی شامل ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں