پاکستان نے بھارتی پروازوں پر فضائی حدود کی بندش میں توسیع کردی

پاکستان نے بھارتی پروازوں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستان نے بھارتی پروازوں پر فضائی حدود کی بندش میں توسیع کردی

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان نے بھارتی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔

پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری نئے نوٹم کے مطابق بھارتی ایئرلائنز، بھارت میں رجسٹرڈ طیاروں اور بھارتی آپریٹرز کے زیرِ استعمال تمام پروازوں پر پابندی بدستور برقرار رہے گی۔

نوٹم کے مطابق بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود 24 اپریل 2026 تک بند رہے گی، جبکہ اس پابندی کا اطلاق بھارتی کمرشل کے ساتھ ساتھ فوجی پروازوں پر بھی ہوگا۔ حکام نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ قومی سلامتی اور فضائی حدود کے تحفظ کے پیش نظر برقرار رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے 23 اپریل 2025 کو بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد اس پابندی میں مسلسل توسیع کی جا رہی ہے۔

اس اقدام کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو طویل روٹس اختیار کرنا پڑ رہے ہیں، جس سے انہیں ایندھن اور آپریشنل اخراجات کی مد میں اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔

پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر فضائی حدود پر عائد پابندی آئندہ نوٹس تک برقرار رکھی جا سکتی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں