جنوبی کوریا نے ایران جنگ کے باعث گاڑیوں کے استعمال پر محدود پابندی لگا دی ہے تاکہ توانائی کی بچت کی جا سکے۔
سیول: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جنوبی کوریا نے ایران جنگ کے ممکنہ طویل اثرات کے پیشِ نظر ایمرجنسی اقدامات کا اعلان کیا ہے، جس میں توانائی کی بچت کے لیے محدود تعداد میں گاڑیوں کو سڑک پر آنے کی اجازت بھی شامل ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے نے جنوبی کوریا کو متاثر کیا ہے، جو اپنی توانائی کا 70 فیصد خلیجِ فارس سے درآمد کرتا ہے۔
صدر لی جے میونگ نے کابینہ اجلاس کے دوران تیاری کا حکم دیا اور گاڑیوں پر نمبر پلیٹس کی بنیاد پر ‘وہیکل ڈے سسٹم’ نافذ کرنے کی ہدایت کی تاکہ پٹرول اور ڈیزل کی مانگ میں کمی لائی جا سکے۔
یہ نظام جنوبی کوریا میں پہلے بھی خلیجی جنگ اور مالی بحران کے دوران استعمال کیا جا چکا ہے۔ حکومت کے مطابق یہ پابندی تیل کی قیمتوں کے مستحکم ہونے تک برقرار رہے گی۔
صدر نے ایران جنگ کے معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیے فوری سپلیمنٹری بجٹ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی اور قومی اسمبلی سے اس کی فوری منظوری کی اپیل کی۔












