واٹس ایپ نے گیسٹ چیٹ فیچر کا محدود اجرا شروع کیا، جس سے غیر صارفین بھی چیٹ کر سکیں گے۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) واٹس ایپ نے ایک نیا گیسٹ چیٹ فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے وہ افراد بھی چیٹ کر سکیں گے جو واٹس ایپ استعمال نہیں کرتے۔ اس فیچر کو ابتدائی طور پر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے کچھ بیٹا صارفین کے لیے مہیا کیا گیا ہے۔
گیسٹ چیٹ کا مقصد عارضی رابطے کی سہولت فراہم کرنا ہے، جس میں صارف کو ایک شیئر ایبل انوائیٹ لنک کے ذریعے چیٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ یہ لنک انوائیٹ اے فرینڈ سیکشن یا کانٹیکٹ لسٹ کے نیچے ہوگا۔
جب کوئی شخص گیسٹ چیٹ لنک کو اوپن کرے گا، تو وہ عارضی چیٹ میں شامل ہو سکے گا اور اس کی پروفائل پر ‘گیسٹ’ لیبل دکھائی دے گا۔ تمام چیٹ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ ہوگی، تاہم گیسٹ صارفین گروپس کا حصہ نہیں بن سکتے اور میڈیا فائلز بھی شیئر نہیں کرسکتے۔
گیسٹ چیٹ 10 دن تک فعال رہے گی اور اس کے بعد خود بخود ایکسپائر ہو جائے گی۔ یہ فیچر ابھی محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے اور عمومی اجرا کی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا۔















