وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی و علاقائی کشیدگی پر اجلاس میں عوام کو ریلیف کے اقدامات کا جائزہ لیا اور معاشی استحکام کو ترجیح دی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت عالمی و علاقائی کشیدگی پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملکی معاشی استحکام اور عوام کو ریلیف کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ عالمی صورتحال کے پیش نظر عوام کو ریلیف کے لیے مزید اقدامات پر بھی مشاورت جاری ہے۔
اجلاس میں حکومت کے بروقت فیصلوں کی بدولت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار کی موجودگی کا ذکر کیا گیا۔ قومی سطح پر کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات نافذ ہو چکے ہیں اور مزید اقدامات پر کام جاری ہے۔ معاشی استحکام اور عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تمام اقدامات طویل مدتی معاشی استحکام کو مدنظر رکھ کر لیے جا رہے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی تقسیم کار کمپنیاں حکومت کے تعین کردہ نرخوں پر تیل کی فروخت کو یقینی بنائیں اور شفافیت برقرار رکھیں۔ تیل کی متعین قیمت پر فروخت کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عالمی کشیدگی کے پیش نظر کسی بھی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔















