پی آئی اے کی نجکاری میں 12 ارب روپے مالیت کی 11 پراپرٹیز شامل ہیں جن میں سے 7 بیرون ملک ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری ٹرانزیکشن میں شامل پراپرٹیز کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ اس ٹرانزیکشن میں 12 ارب روپے مالیت کی 11 پراپرٹیز شامل ہیں جن میں سے 7 بیرون ملک موجود ہیں۔
دستاویز کے مطابق، بھارت میں پی آئی اے کی 36 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 2 پراپرٹیز ہیں، جن میں نئی دہلی اور ممبئی شامل ہیں۔ نیویارک میں پی آئی اے پراپرٹی کی مارکیٹ ویلیو 19 لاکھ 35 ہزار ڈالر ہے جبکہ ایمسٹرڈیم میں 3 پراپرٹیز کی ویلیو 34 لاکھ 35 ہزار یورو ہے۔
پاکستان میں پی آئی اے کی 4 پراپرٹیز بھی شامل ہیں جن کی مجموعی ویلیو 11 ارب 40 کروڑ روپے ہے۔ ان میں پشاور سیلز آفس، راولپنڈی مال روڈ، اسلام آباد بلیو ایریا اور کوئٹہ کی پراپرٹیز شامل ہیں۔ نیویارک میں روزویلٹ ہوٹل اور پیرس میں سکرائب ہوٹل بھی پی آئی اے کی ملکیت ہیں۔















