پاکستان میں خواتین اور خواجہ سراؤں پر تشدد کے واقعات میں 34 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سال 2025 میں صنفی بنیاد پر تشدد کے 7071 واقعات رپورٹ ہوئے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان میں خواتین اور خواجہ سراؤں پر تشدد و زیادتی کے واقعات میں گزشتہ سال 34 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ غیر سرکاری تنظیم ساحل کی رپورٹ کے مطابق، سال 2025 میں ملک بھر میں صنفی بنیاد پر تشدد کے 7071 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں قتل، خودکشی، اغوا، عصمت دری اور غیرت کے نام پر قتل شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق، 2025 میں قتل کے 1546، اغوا کے 1345، تشدد کے 1169، زیادتی کے 877، خودکشی کے 680، زخمی کرنے کے 449، ہراساں کرنے کے 316، غیرت کے نام پر قتل کے 284 اور تیزاب گردی کے 41 واقعات رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 32 فیصد کیسز میں ملزمان متاثرہ افراد کے جاننے والے تھے جبکہ 18 فیصد واقعات میں اجنبی افراد ملوث تھے۔ 12 فیصد کیسز میں شوہر ملوث پائے گئے جبکہ تقریباً 20 فیصد واقعات میں ملزمان کی شناخت رپورٹ نہیں کی گئی۔
صوبائی بنیاد پر، 78 فیصد کیسز پنجاب سے، 14 فیصد سندھ سے، 6 فیصد خیبرپختونخوا سے، اور 2 فیصد بلوچستان، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے رپورٹ ہوئے۔














