وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بتایا کہ آپریشن غضب للحق میں 684 طالبان کارندے ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آپریشن غضب للحق کے دوران افغان طالبان رجیم کے 684 کارندے ہلاک جبکہ 912 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 252 پوسٹیں تباہ کی گئیں اور 44 پر قبضہ کیا گیا۔ 229 ٹینک اور مسلح گاڑیاں بھی تباہ کر دی گئیں۔ 73 مقامات پر فضائی کارروائیوں میں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے 14 اور 15 مارچ کی شب دہشتگرد ٹھکانوں پر حملے کیے، قندھار میں دہشتگردوں کی ٹیکنیکل سپورٹ اور اسلحہ سٹوریج تنصیبات تباہ کردی گئیں۔ چترال سیکٹر میں افغانستان کی بدینی پوسٹ پر دہشتگردوں کا جمپ آف پوائنٹ بھی تباہ کردیا گیا۔
عطا تارڑ نے واضح کیا کہ ان کارروائیوں میں کسی شہری آبادی یا سویلین انفرااسٹرکچر کو نشانہ نہیں بنایا گیا، جیسا کہ افغان حکومت کے عہدیدار اور میڈیا غلط دعوے کر رہے ہیں۔













