اکشے کمار نے پاپارازی کو روزی روٹی کا ذریعہ مانتے ہوئے تصاویر پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔
ممبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بولی وڈ اداکار اکشے کمار نے حالیہ انٹرویو میں پاپارازی کے حوالے سے اپنے مثبت رویے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں عوامی مقامات پر تصویر کھچوانے میں کوئی دقت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ایک فوٹوگرافر کو ایک تصویر کے عوض ساڑھے تین سے چار ہزار روپے ملتے ہیں، جو ان کی روزی روٹی کمانے کا ذریعہ بنتا ہے۔
اکشے کا کہنا تھا کہ عوامی مقامات پر پرائیویسی کا تصور نہیں ہوتا اور شہرت ان کے پیشے کا حصہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی انہیں پہچانے ہی نہ یا تصاویر نہ کھینچے تو یہ زیادہ پریشانی کی بات ہوتی۔
یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب بولی وڈ کے دیگر اداکار پاپارازی کے ساتھ اپنے رویے کی وجہ سے سرخیوں میں رہتے ہیں۔ جیا بچن، تاپسی پنو، رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ جیسے اداکار اکثر پاپارازی کے ساتھ تنازعہ میں رہتے ہیں۔
اکشے کمار ان دنوں اپنی نئی فلموں کی وجہ سے بھی خبروں میں ہیں۔ وہ روہیت شیٹی کی فرنچائز ‘گول مال 5’ میں شامل ہو چکے ہیں اور ان کی فلم ‘بھوت بنگلہ’ 10 اپریل 2026 کو ریلیز ہوگی۔















