وزارت مذہبی امور نے حج پروازوں کی تاخیر کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا، حج 2026 کے انتظامات شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے باعث حج پروازوں کے شیڈول کی معطلی کی خبروں کو مسترد کردیا۔ وزارت کے مطابق حج 2026 کے تمام انتظامات طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔
وزارت مذہبی امور نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حج پروازوں کی تاخیر کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، اور حج کے ویزوں کے اجرا سمیت دیگر انتظامات جاری ہیں۔ وزارت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور حج پروازوں کے شیڈول کا باضابطہ اعلان عید الفطر کے بعد کیا جائے گا۔
وزارت کے ترجمان نے کہا کہ عید الفطر کے بعد عازمین کو حج پروازوں، مکہ و مدینہ میں رہائش اور دیگر انتظامات سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنی روانگی کی تیاری اطمینان کے ساتھ کر سکیں۔















