سروے میں 44 ممالک کی 45 فیصد خواتین نے رات کو تنہا باہر نکلنے میں خوف کا اظہار کیا، جب کہ جنسی ہراسانی کی شکایات میں اضافہ ہوا ہے۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایک حالیہ سروے کے مطابق، امریکا اور یورپ سمیت 44 ممالک کی 45 فیصد خواتین نے رات میں تنہا باہر نکلنے میں خوف کا اظہار کیا ہے۔
گیلپ کی رپورٹ کے مطابق، عالمی سطح پر جنسی ہراسانی اور تشدد کا سامنا کرنے کی شکایات میں اضافہ ہوا ہے۔ اگرچہ صنفی مساوات کے تاثر میں بہتری آئی ہے، لیکن خواتین میں عدم تحفظ کا احساس مردوں کے مقابلے میں دگنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، رات کو باہر نکلنے میں خوف کا اظہار 26 فیصد مردوں نے کیا ہے جبکہ خواتین میں یہ شرح 45 فیصد ہے۔ پاکستان میں یہ شرح تقریباً برابر ہے، جہاں 69 فیصد مرد اور 70 فیصد خواتین نے رات میں تنہا باہر جاتے ہوئے خوف کا اظہار کیا۔
جنسی ہراسانی کا سامنا کرنے والی خواتین کی شرح 7 فیصد سے بڑھ کر 10 فیصد ہوگئی ہے، جبکہ 18 سے 24 سال کی نوجوان لڑکیوں میں یہ شرح 20 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ تشدد کا سامنا کرنے والی خواتین کی شرح بھی 3 فیصد اضافے کے بعد 17 فیصد پر دیکھی گئی ہے۔















