ایران نے یو اے ای کی بندرگاہوں کو امریکی فوجی موجودگی کے باعث خالی کرنے کا کہا ہے، کارروائی کا خدشہ ظاہر کیا۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران نے متحدہ عرب امارات کی بعض بندرگاہی علاقوں کو فوری طور پر خالی کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ ایرانی نیم سرکاری خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق، دبئی کی جبل علی بندرگاہ، ابوظہبی کی خلیفہ بندرگاہ اور فجیرہ بندرگاہ کے اطراف رہنے والے افراد کو علاقے چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے، کیونکہ ان مقامات پر امریکی فوجی تنصیبات موجود ہیں اور یہ ممکنہ فوجی اہداف بن سکتے ہیں۔
ایران نے مزید کہا ہے کہ امریکی فوجی موجودگی کی وجہ سے ان مقامات پر آئندہ چند گھنٹوں میں کارروائی کا امکان ہے۔ ایرانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ایران نے میزائل حملوں کی ایک نئی لہر بھی شروع کر دی ہے، تاہم حملوں کی نوعیت اور اہداف کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
ایران کی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران جدید ہتھیاروں، خصوصاً بیلسٹک میزائلوں کے استعمال میں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ حالیہ کشیدگی کے دوران ایران نے اسرائیل اور خلیجی ممالک پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں جبکہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث عالمی تیل کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے۔














