کیا جیفری ایپسٹین کے جزیرے پر طاقتور مہمانوں کی موجودگی میں لڑکیوں کا استحصال ہوتا رہا؟

امریکی محکمہ انصاف کی دستاویزات سے انکشاف ہوا کہ ایپسٹین کا جزیرہ بااثر شخصیات اور کم عمر لڑکیوں کے استحصال کے لیے استعمال ہوتا رہا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
کیا جیفری ایپسٹین کے جزیرے پر طاقتور مہمانوں کی موجودگی میں لڑکیوں کا استحصال ہوتا رہا؟

واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی محکمہ انصاف نے جیفری ایپسٹین کے کیریبین جزیرے لٹل سینٹ جیمز کے متعلق نئی تفصیلات جاری کی ہیں، جن سے انکشاف ہوا کہ یہ جزیرہ تقریباً 20 سال تک بااثر شخصیات اور کم عمر لڑکیوں کے مبینہ جنسی استحصال کے لیے استعمال ہوتا رہا۔

امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری لاکھوں صفحات پر مشتمل دستاویزات نے جیفری ایپسٹین کے کیریبین جزیرے لٹل سینٹ جیمز سے متعلق نئی تفصیلات منظر عام پر آئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امیر کاروباری شخصیات، سیاست دان اور ممتاز ماہرین تعلیم نجی طیاروں کے ذریعے جزیرے پہنچتے تھے، جہاں وہ غوطہ خوری اور دیگر تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیتے تھے۔ دوسری جانب متاثرہ لڑکیوں اور خواتین نے بیانات میں کہا کہ ان کے پاسپورٹ ضبط کیے گئے، انہیں جزیرے سے نکلنے نہیں دیا گیا اور بعض نے فرار کی کوشش بھی کی، جن میں ایک نے تیر کر نکلنے کی کوشش کا ذکر کیا۔

محکمہ انصاف کی فائلوں، ای میلز، تصاویر اور گواہیوں سے معلوم ہوتا ہے کہ ایپسٹین نے جزیرے کو ایک الگ تھلگ اور پرتعیش مقام کے طور پر تیار کیا تھا۔ وہاں مرکزی رہائش گاہ، کیبنز، سوئمنگ پول، عملے کی رہائش، جم، لائبریری اور دیگر عمارتیں موجود تھیں۔ بعض سابق ملازمین، ڈیزائنرز اور ٹیکنیکل عملے نے وفاقی تفتیش کاروں کو بتایا کہ جزیرے پر کم عمر لڑکیوں کی تصاویر، مخصوص کمروں کی تیاری اور مشتبہ نقل و حرکت جیسے واضح اشارے موجود تھے۔

دستاویزات میں کئی متاثرین نے دعویٰ کیا کہ جزیرے پر آنے والے بعض بااثر مہمانوں نے ان کی خاموشی، خوف اور غیر معمولی ماحول دیکھا، مگر کچھ نہ کہا۔ کئی نمایاں شخصیات کے نام بھی سامنے آئے ہیں، تاہم ان میں سے بیشتر نے کسی بھی غلط کام سے لاعلمی ظاہر کی ہے یا غیر قانونی سرگرمی دیکھنے سے انکار کیا ہے۔ بعض شخصیات نے بعد میں ایپسٹین سے تعلق پر افسوس بھی ظاہر کیا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لٹل سینٹ جیمز ایپسٹین کے مبینہ جنسی نیٹ ورک کا مرکزی مقام بن گیا تھا کیونکہ یہ جگہ متاثرین کو الگ تھلگ رکھنے کے لیے موزوں تھی۔ واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین 2019 میں وفاقی حراست کے دوران ہلاک ہو گیا تھا، جبکہ اس کی ساتھی گھسلین میکسویل کو بچوں کی اسمگلنگ سے متعلق مقدمے میں سزا سنائی جا چکی ہے۔ ایپسٹین کی جائیداد بعد میں فروخت ہوئی اور اس رقم کا ایک حصہ متاثرین سے متعلق تصفیوں میں استعمال ہوا۔

دیگر متعلقہ خبریں