گوگل نے میپس میں نیا اے آئی فیچر "آسک میپس” پیش کر دیا ہے، جس سے صارفین سوالات کے ذریعے مطلوبہ جگہ تلاش کرسکیں گے۔
کیلیفورنیا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گوگل نے میپس میں نیا اے آئی فیچر "آسک میپس” متعارف کر دیا ہے جس کی مدد سے صارفین اب عام سرچ کے بجائے سیدھے سوالات پوچھ کر اپنی مطلوبہ جگہ تلاش کر سکیں گے۔ یہ اپ ڈیٹ گوگل میپس کی گزشتہ دس سالوں کی سب سے بڑی اپ گریڈ ہے۔
آسک میپس، جو کہ ایک اے آئی پر مبنی ٹول ہے، صارفین کو پیچیدہ اور حقیقی زندگی سے متعلق سوالات پوچھنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ مثال کے طور پر، صارف پوچھ سکتا ہے کہ ایسی ٹینس کورٹ کہاں ہے جہاں رات کے وقت لائٹس ہوں، یا ایسا ہیئر سیلون کہاں ہے جو گھنگریالے بالوں کے لیے خاص خدمات فراہم کرتا ہو۔
اس فیچر کے ذریعے مختلف ذرائع سے معلومات حاصل کی جاتی ہیں، جن میں صارف کے پچھلے سرچ ریکارڈ، ویب سائٹس، تصاویر اور لوگوں کے تبصرے شامل ہوتے ہیں۔ گوگل کے مطابق یہ سسٹم دنیا بھر میں موجود تقریباً 30 کروڑ مقامات اور 50 کروڑ صارفین کے ریویوز سے معلومات حاصل کرتا ہے، جس سے نتائج زیادہ درست اور ذاتی نوعیت کے ہو جاتے ہیں۔
گوگل میپس کی وائس پریزیڈینٹ مریم ڈینیئل نے کہا کہ یہ تبدیلی پلیٹ فارم کے لیے اہم قدم ہے اور اب میپس ہر صارف کے لیے الگ انداز میں کام کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سروس منصوبوں کو فوری عملی شکل دینے میں مدد دے گی۔
نئے فیچر کے ذریعے مسافر مقامی مقامات، مشہور جگہوں اور ریستوران کے بارے میں آسانی سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ اپ ڈیٹ میں ڈرائیونگ ڈائریکشنز کے ڈیزائن میں بھی تبدیلی کی گئی ہے جہاں بعض عمارتوں کو شفاف انداز میں دکھایا جائے گا تاکہ ڈرائیور آگے آنے والے موڑ اور راستے کو بہتر طور پر دیکھ سکے۔
گوگل کے مطابق یہ نئی خصوصیات جمعرات سے موبائل ایپ میں مرحلہ وار متعارف کرائی جا رہی ہیں اور جلد ہی ان اے آئی فیچرز کو ایپل کار پلے میں بھی شامل کیا جائے گا۔















