تہران میں یوم القدس ریلی کے دوران دھماکہ ہوا، مگر شرکاء بے خوف آگے بڑھتے رہے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) تہران میں یوم القدس کے مظاہروں کے دوران فردوسی اسکوائر میں زوردار دھماکہ ہوا، مگر ریلی کے شرکاء نعرے لگاتے ہوئے بے خوف آگے بڑھتے رہے۔ ریلی میں ایرانی قومی سلامتی ادارے کے سربراہ علی لاریجانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ دھماکہ اسرائیلی وارننگ کے بعد ہوا، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
یوم القدس کے موقع پر تہران سمیت کئی شہروں میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں۔ شرکاء ایرانی اور فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے اسرائیل مخالف نعرے لگاتے رہے۔
ایرانی حکام نے کہا کہ یہ حملے دشمن کی ناکامی کو ظاہر کرتے ہیں اور مظاہرین پر بمباری خوف سے کی گئی، جبکہ طاقتور لوگ ایسے حملے نہیں کرتے۔ رمضان کے آخری جمعہ کو یوم القدس منایا جاتا ہے، جس میں اسرائیل کے مظالم کی مذمت اور بیت المقدس کی آزادی کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔











