نہال ہاشمی نے گورنر سندھ نامزد ہونے کے بعد حلف کی پاسداری اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کا عزم ظاہر کیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نامزد گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ وہ اپنے حلف کی ہر صورت پاسداری کریں گے اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے پارٹی قیادت اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حلف لینے کے بعد اپنی ترجیحات طے کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے مطابق جو بھی فرائض ہوں گے، انہیں بہتر طریقے سے ادا کریں گے۔
نہال ہاشمی کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ہیں۔ وہ پیشے کے لحاظ سے وکیل اور سیاست دان ہیں اور 2015 سے 2018 تک سینیٹ آف پاکستان کے رکن رہ چکے ہیں۔
نہال ہاشمی نے اپنی سیاست کا آغاز 1990 کی دہائی میں کیا اور 1992 میں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی۔ وہ 1997 میں اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے انسانی حقوق اور قانون و انصاف مقرر ہوئے۔
نہال ہاشمی کو 2012 میں مسلم لیگ ن سندھ کی صدارت اور 2014 میں جنرل سیکرٹری کے عہدے پر تعینات کیا گیا۔ 2015 کے سینیٹ انتخابات میں انہوں نے ن لیگ کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی۔
یکم فروری 2018 کو انہیں توہینِ عدالت کے کیس میں ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئی جس کے نتیجے میں ان کی سینیٹ رکنیت ختم ہوگئی اور وہ 5 سال کے لیے نااہل قرار پائے۔















