متحدہ عرب امارات نے بیرون ملک پھنسے ویزہ ہولڈرز کے ویزے 31 مارچ تک تجدید کرنے کی اجازت دے دی۔
ابوظہبی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ وہ رہائشی افراد جن کے اقامتی ویزے 28 فروری کے بعد بیرون ملک پھنس جانے کے باعث ختم ہو گئے تھے، انہیں اب 31 مارچ تک ان ویزوں کی تجدید کی اجازت دے دی گئی ہے۔
اماراتی حکام کے مطابق یہ فیصلہ ان رہائشیوں کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے جو خطے میں جاری جنگ اور فضائی سفر کی رکاوٹوں کے باعث وقت پر واپس نہیں آ سکے۔ متاثرہ افراد کو ملک میں دوبارہ داخلے کے لیے نیا انٹری پرمٹ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
"الهوية والجنسية” تتيح للمقيمين المنتهية إقامتهم بالخارج دخول الدولة دون تأشيرة جديدة اعتبارًا من 28 فبراير وحتى 31 مارس 2026 pic.twitter.com/gPsmC0mwAJ
— UAEGOV (@UAEmediaoffice) March 12, 2026
علاقائی کشیدگی کے باعث خلیج کے فضائی راستوں میں شدید خلل پیدا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں کئی پروازیں معطل یا محدود کر دی گئی ہیں۔ اس صورتحال نے ہزاروں مسافروں اور تارکین وطن کو مختلف ممالک میں پھنسنے پر مجبور کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ 28 فروری سے ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران متحدہ عرب امارات پر بھی میزائل اور ڈرون حملوں کی لہریں دیکھی گئی ہیں، جس کے باعث خطے میں سفر اور شہری زندگی پر نمایاں اثرات پڑے ہیں۔














