پشاور میں امریکی قونصل خانہ مستقل بند کرنے سے 75 لاکھ ڈالر کی بچت ہوگی، اور امریکی مفادات پر اثر نہیں پڑے گا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ پشاور میں قائم قونصل خانہ مستقل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ یہ قونصل خانہ افغانستان کی سرحد کے قریب امریکہ کا اہم سفارتی مشن تھا۔
محکمہ خارجہ کے مطابق، اس فیصلے سے سالانہ 75 لاکھ ڈالر کی بچت ہوگی اور پاکستان میں امریکی قومی مفادات پر منفی اثر نہیں پڑے گا۔ پشاور قونصل خانہ 2001 میں افغانستان پر امریکی حملے سے قبل، اس کے دوران اور بعد میں آپریشنز کا اہم مرکز رہا تھا۔
یہ فیصلہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے وفاقی اداروں کے حجم میں کمی کے منصوبے کا حصہ ہے۔ پشاور میں قونصل خانے کی بندش پر تقریباً 30 لاکھ ڈالر خرچ ہوں گے، جس کا بڑا حصہ دفاتر اور سامان کی منتقلی پر صرف ہوگا۔
محکمہ خارجہ کی تنظیم نو کے تحت، یہ پہلا بیرون ملک سفارتی مشن ہے جو مکمل طور پر بند کیا جا رہا ہے۔ امریکی شہریوں اور دیگر افراد کے قونصلر معاملات اب اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ دیکھے گا۔














