اویس لغاری کا بجلی صارفین کی شکایات کے فوری حل کا حکم

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے نئے ضابطہ کار کی ہدایت کی ہے تاکہ کمپنیوں کی کارکردگی بہتر ہو سکے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
اویس لغاری کا بجلی صارفین کی شکایات کے فوری حل کا حکم

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے نیا ضابطہ کار جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو بہتر سہولت فراہم کرنا اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔

اعلامیے کے مطابق، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں شکایات کے مؤثر حل کے لیے ایک نیا نگرانی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت ہر ماہ بہترین اور خراب کارکردگی دکھانے والے سب ڈویژنوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ خراب کارکردگی کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

پاور ڈویژن کے مطابق 118 اسمارٹ کال سینٹر کو صارفین کے لیے ون ونڈو سروس قرار دیا گیا ہے جہاں بجلی سے متعلق تمام شکایات اور مسائل درج کروائے جا سکتے ہیں۔ حکام کے مطابق، گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 118 کال سینٹر پر 20 لاکھ سے زائد کالیں موصول ہو چکی ہیں جن میں صارفین نے بجلی کی فراہمی، بلوں اور دیگر مسائل سے متعلق شکایات درج کرائیں۔

وفاقی وزیر توانائی نے کم شکایات کے اندراج پر پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، سکھر الیکٹرک پاور کمپنی، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی اور کے الیکٹرک کا بھی نوٹس لیا ہے۔ اویس لغاری نے ہدایت کی کہ تمام تقسیم کار کمپنیوں کے صارف خدمت ڈائریکٹرز صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے کے ذمہ دار ہوں گے۔

انہوں نے لائن عملے اور افسران کو بھی احکامات جاری کیے کہ عوام کی شکایات فوری طور پر حل کی جائیں تاکہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

دیگر متعلقہ خبریں