اربیل میں اطالوی فوجی اڈے پر ڈرون حملہ ہوا جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
اربیل: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عراقی کردستان کے شہر اربیل میں واقع اطالوی فوجی اڈے پر رات کے وقت ڈرون حملہ کیا گیا، جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ اطالوی دفاعی حکام نے بتایا کہ ڈرون نے فوجی گاڑی کو نقصان پہنچایا، تاہم یہ حملہ ممکنہ طور پر حادثاتی تھا۔
وزارت دفاع نے کہا کہ اطالوی عملے کے تمام ارکان محفوظ ہیں۔ اڈے کے کمانڈر کرنل سٹفانو پیزوٹی کے مطابق عملے کو فضائی خطرات کی پیشگی اطلاع دی گئی تھی اور وہ حملے سے قبل ہی بنکرز میں پناہ لے چکے تھے۔
اطالوی وزارت دفاع کے مطابق اربیل میں تقریباً 300 فوجی تعینات ہیں جو کرد سیکیورٹی فورسز کی تربیت دے رہے ہیں، مگر حالیہ دنوں میں امریکی-اسرائیلی جنگ کے خطرات کے باعث فوجی تعداد کم کر دی گئی ہے۔











