واٹس ایپ نے 13 سال سے کم عمر بچوں کے لیے پیرنٹ منیج اکاؤنٹ فیچر متعارف کرایا، جو والدین کو بچوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کنٹرول کرنے کی سہولت دے گا۔
کیلیفورنیا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) واٹس ایپ نے 13 سال سے کم عمر بچوں کے لیے ایک نیا فیچر ‘پیرنٹ منیج اکاؤنٹ’ متعارف کرایا ہے، جو والدین کو اپنے بچوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو کنٹرول کرنے کی سہولت دے گا۔ اس کا مقصد بچوں کے آن لائن تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
کمپنی کے بیان کے مطابق، پیرنٹ منیج اکاؤنٹ میں بچوں کو صرف میسجنگ اور کالنگ کے فیچرز دستیاب ہوں گے اور بائی ڈیفالٹ سخت سیٹنگز کا اطلاق ہوگا۔ والدین کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ فیصلہ کریں کہ کون ان کے بچوں سے رابطہ کرسکتا ہے، کون سے گروپ میں شامل ہوسکتے ہیں اور کون سی پرائیویسی سیٹنگز ایڈجسٹ کرسکتے ہیں۔
بچوں کے اکاؤنٹس کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا، جبکہ میٹا اے آئی، چینلز یا اسٹیٹس جیسے فیچرز تک رسائی نہیں ہوگی۔ ان اکاؤنٹس کے لیے والدین اور بچوں کی ڈیوائسز کی ضرورت ہوگی، جو کیو آر کوڈ کے ذریعے لنک کی جائیں گی۔
جب بچے کی عمر 13 سال سے تجاوز کر جائے گی، والدین کو منیج اکاؤنٹ کو اسٹینڈرڈ اکاؤنٹ میں تبدیل کرنے کے لیے نوٹیفکیشن ملے گا۔ کمپنی نے کہا کہ یہ فیچر آئندہ مہینوں میں تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔















