ایران کے خلاف جنگ کے ابتدائی 6 دنوں میں امریکی اخراجات 11.3 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے، پینٹاگون کی بریفنگ میں معلومات فراہم کی گئیں۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی دفاعی حکام نے کانگریس کو بتایا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ کے پہلے چھ دنوں میں امریکی اخراجات 11.3 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ یہ تفصیلات پینٹاگون کی ایک بریفنگ میں فراہم کی گئیں۔
بریفنگ کے دوران ارکان کانگریس کو بند کمرہ اجلاس میں یہ معلومات دی گئیں، جس میں جنگی کارروائیوں کے اخراجات اور استعمال ہونے والے وسائل پر بات چیت کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق یہ رقم صرف ابتدائی جنگی کارروائیوں پر خرچ ہوئی ہے۔
امریکی حکام نے مزید بتایا کہ اس تخمینے میں ان اخراجات کو شامل نہیں کیا گیا جو حملوں سے پہلے فوجی تیاریوں اور اضافی تعیناتیوں پر کیے گئے تھے، اس لیے پہلے ہفتے کے مجموعی اخراجات اس سے کہیں زیادہ ہو سکتے ہیں۔
اس سے قبل دفاعی حکام نے کانگریس کو بتایا تھا کہ لڑائی کے پہلے دو دنوں میں تقریباً 5.6 ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ استعمال کیا گیا۔ حکام کے مطابق جنگ میں اسلحے اور وسائل کے استعمال کی رفتار ابتدائی اندازوں سے کہیں زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کے باعث امریکی دفاعی اخراجات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جبکہ خطے میں کشیدگی بھی برقرار ہے۔












