کراچی میں این سی سی آئی نے ڈیفنس میں چھاپہ مار کر ایک منظم اسکیمنگ کال سینٹر پکڑا، جہاں چار افراد کو حراست میں لیا گیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ڈی ایچ اے فیز ٹو ایکسٹینشن میں چھاپہ مار کر ایک منظم اسکیمنگ کال سینٹر پکڑا، جہاں 4 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ایجنسی کے مطابق، یہ کال سینٹر غیر ملکی بینکوں کے ایجنٹس کی نقالی کرتے ہوئے شہریوں کی حساس بینکنگ معلومات چوری کرتا تھا۔ یہاں کام کرنے والے ایجنٹس جعلی نمبروں سے کال کرکے بینکنگ تفصیلات جیسے سوشل سکیورٹی نمبرز اور CVV کوڈز حاصل کرتے تھے۔
چھاپے کے دوران 14 لیپ ٹاپ، 10 موبائل فونز اور ہزاروں غیر ملکی شہریوں کے بینکنگ ڈیٹا سمیت دیگر آلات برآمد ہوئے۔ تمام شواہد ضبط کرکے 5 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
چار افراد کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کی جارہی ہے جبکہ ضبط شدہ ڈیجیٹل آلات تکنیکی تجزیے کے لیے بھیجے گئے ہیں۔ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔















