اصفہان میں حملے سے روسی قونصل خانے کی عمارت کو نقصان پہنچا، شیشے ٹوٹ گئے، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اصفہان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران کے شہر اصفہان میں حملوں کے نتیجے میں روسی قونصل خانے کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔
ترجمان کے مطابق حملہ رواں ہفتے کے آغاز میں اصفہان کے گورنر کے دفتر کے قریب ہوا جس سے قونصل خانے کی عمارت کے دفتر اور رہائشی اپارٹمنٹس کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
ماریا زاخارووا نے بتایا کہ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کسی بھی سفارتی مشن پر حملے کو بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی قرار دیا اور زور دیا کہ تمام فریقین کو سفارتی تنصیبات کا احترام کرنا چاہیے۔
اطلاعات کے مطابق، امریکی اور اسرائیلی حملوں میں اب تک 9 ہزار 669 شہری مقامات تباہ ہوئے ہیں، جن میں 7 ہزار 943 رہائشی مکانات شامل ہیں۔ امریکی صدر نے ایران کو سرنگیں بچھانے کے نتائج پر خبردار کیا۔












