امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کی مذہبی حکومت کو دنیا کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے ایران کی فوجی صلاحیت کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کا موجودہ مذہبی حکومتی نظام خطے اور دنیا کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت ریاستی وسائل کو دہشت گردی میں استعمال کر رہی ہے۔
مارکو روبیو نے مزید کہا کہ امریکی حملوں کا مقصد ایران کے میزائل پروگرام کو تباہ کرنا ہے اور ایران کی اس صلاحیت کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بزور طاقت اس مقصد کو حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہیں۔
مارکو روبیو نے مزید کہا کہ ایران اپنے پڑوسیوں پر حملے کر رہا ہے اور توانائی و شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے، اس کے علاوہ ایران پڑوسی ممالک میں سفارتخانوں پر حملے کر رہا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ اور فوجی صلاحیت بڑی حد تک ختم کردی گئی ہے، اور ایرانی بحریہ کے 51 جنگی جہاز تباہ کردیے گئے ہیں، جو اب سمندر کی تہہ میں موجود ہیں۔













