اسرائیلی فضائیہ نے تہران ایئرپورٹ پر حملے میں قدس فورس کے طیاروں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسرائیلی فضائیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ تہران میں رات گئے حملے کے دوران پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے طیاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق مہرآباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت مختلف مقامات پر حملے کیے گئے، جہاں سے مبینہ طور پر قدس فورس نے مشرق وسطیٰ میں اپنے اتحادی مسلح گروپوں کو اسلحہ اور مالی مدد منتقل کی جارہی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ تباہ کیے گئے طیارے اسلامی انقلابی گارڈ کور قدس فورس کے زیر استعمال تھے، جو ایران کی خصوصی فورس ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس ایئرپورٹ سے لبنان کی تنظیم حزب اللہ سمیت مختلف گروپوں تک اسلحہ اور رقوم پہنچائی جاتی تھیں، جن کے خلاف لبنان میں کارروائی جاری ہے۔ تاہم آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی اور ایران کے حکام کی جانب سے بھی کوئی باضابطہ ردعمل نہیں آیا۔















