امریکی آبدوز نے سری لنکا کے قریب ایرانی جنگی جہاز کو ڈبو دیا، 80 سے زائد افراد ہلاک۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
واشنگٹن / کولمبو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے تصدیق کی ہے کہ امریکی بحریہ کی آبدوز نے بحرِ ہند میں سری لنکا کے قریب ایرانی جنگی جہاز آئی آر آئی ایس ڈینا کو نشانہ بنا کر ڈبو دیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 80 ایرانی ملاح ہلاک ہو گئے۔
سری لنکا کے نائب وزیر خارجہ ارون ہیماچندرا کے مطابق حملے کے بعد اب تک 80 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ ایرانی فریگیٹ ڈینا بھارتی بحریہ کی مشقوں میں شرکت کے بعد واپسی پر تھا کہ سری لنکا کے شہر گال سے تقریباً 20 ناٹیکل میل جنوب میں حملے کا نشانہ بنا۔
سری لنکن بحریہ کے ترجمان بدھیکا سمپتھ نے بتایا کہ واقعہ سری لنکا کی علاقائی حدود سے باہر پیش آیا اور ہنگامی کال کے بعد امدادی کارروائی شروع کی گئی، تاہم جائے وقوعہ پر جہاز موجود نہیں تھا۔ بعد ازاں سمندر میں تیل کے دھبے، زندہ بچ جانے والے افراد اور کئی لاشیں ملیں۔
مجموعی طور پر 180 رکنی عملے میں سے 32 اہلکاروں کو زندہ بچا لیا گیا ہے جبکہ باقی افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔












