امریکا نے نائن الیون کے بعد 10 ممالک پر حملے کیے، جن میں لاکھوں افراد ہلاک ہوئے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف نئی جنگ چھیڑ دی ہے جس میں ایران پر مسلسل بمباری کی جارہی ہے۔ امریکا نے نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر 10 ممالک پر حملے کیے جن میں افغانستان، عراق، پاکستان، یمن، صومالیہ، لیبیا، شام وغیرہ شامل ہیں۔ ان حملوں میں لاکھوں افراد ہلاک ہوئے اور امریکی معیشت پر بھاری بوجھ پڑا۔
نائن الیون حملوں کے بعد امریکا نے تین بڑی جنگیں مسلط کیں اور کئی ممالک پر ڈرون و فضائی حملے کیے۔ ان حملوں میں 9 لاکھ 40 ہزار افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔
امریکا نے افغانستان پر اکتوبر 2001 میں حملہ کیا اور طالبان حکومت کو گرا دیا۔ یہ جنگ 20 سال تک جاری رہی اور اس میں 2 لاکھ 41 ہزار افراد ہلاک ہوئے۔ عراق پر 2003 میں حملہ ہوا جس میں 2 لاکھ 10 ہزار افراد ہلاک ہوئے۔
امریکا نے لیبیا پر 2011 کی بغاوت کے دوران نیٹو کے ساتھ فضائی حملے کیے اور معمر قذافی کی حکومت کو الٹ دیا۔ شام اور عراق میں داعش کے خلاف فضائی حملے بھی کیے گئے۔
امریکا کی ان جنگی مہمات پر 5.8 ٹریلین ڈالر خرچ ہوئے اور مزید اخراجات کے بعد یہ تخمینہ 8 ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔











