پنجاب حکومت کا مستحق فنکاروں کے لیے 50 کروڑ کے فنڈ کا اعلان

پنجاب حکومت نے مستحق فنکاروں کے لیے 50 کروڑ روپے کا فنڈ قائم کیا ہے تاکہ انہیں مالی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پنجاب حکومت کا مستحق فنکاروں کے لیے 50 کروڑ کا فنڈ

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے مستحق فنکاروں کو مالی تحفظ فراہم کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کا خصوصی فنڈ قائم کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پنجاب آرٹسٹ خدمت کارڈ کے ذریعے فنکاروں کی زندگی کو بہتر بنایا جائے گا اور اہل فنکاروں کو ماہانہ 5,000 روپے وظیفہ دیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں 63 مستحق فنکاروں کو فی کس 15,000 روپے ادا کیے گئے ہیں۔

وظیفہ کی ادائیگی بینک آف پنجاب کے ذریعے کی جائے گی۔ اس پروگرام کے لیے سال کے آغاز میں درخواستیں طلب کی گئیں اور مجموعی طور پر 2,702 درخواستیں موصول ہوئیں۔ سکروٹنی کے بعد 1,831 فنکار اہل قرار پائے، جن کا ڈیٹا پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کو بھجوایا گیا ہے اور فنڈز کا اجرا شروع ہو چکا ہے۔

فنکاروں کے لیے تعلیمی گرانٹ 3 لاکھ روپے، میڈیکل گرانٹ 2 لاکھ روپے اور دیگر امداد 1 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ 80 سال سے زائد عمر کے فنکاروں کے لیے ماہانہ 10 سے 15 ہزار روپے پنشن کی تجویز زیر غور ہے جبکہ 54 سال سے زائد عمر کے فنکاروں کے لیے ریلیف سکیم متعارف کروانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں