وزیراعظم شہباز شریف نے اردن و بحرین کے حکمرانوں سے ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد خطے کی کشیدگی پر ٹیلیفونک گفتگو کی اور امن و استحکام کے لئے تعاون کی پیش کش کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے اردن کے شاہ عبداللہ اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ انہوں نے اسرائیل اور امریکا کے ایران پر حملوں کے بعد خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش ظاہر کی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق، وزیراعظم نے اردن کے شاہ عبداللہ سے خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد بڑھتی کشیدگی پر تفصیل سے بات کی، جس سے اردن اور دیگر علاقائی ممالک متاثر ہوئے ہیں۔
شہباز شریف نے خطے میں امن و استحکام کے تحفظ کے لئے فوری طور پر تحمل، کشیدگی میں کمی اور بامقصد مکالمے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اردن سمیت دیگر برادر ممالک کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور امن کی بحالی کے لئے تعاون کی پیش کش کی۔
بعد ازاں، وزیراعظم نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی۔ انہوں نے اسرائیل اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی اور ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر جوابی حملوں کے نتیجے میں بحران پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلا اشتعال جارحیت سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہوتا ہے اور پاکستان بحرین و دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی قانون کی بالادستی اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔













