اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب نے ایران کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے خلیجی ریاستوں کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا اور امارات میں پاکستانی شہری کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایران کے حملوں کو خلیجی ریاستوں کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں ایک پاکستانی شہری کی ہلاکت کی بھی مذمت کی۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ ایران کی کارروائیاں برادر خلیجی ممالک کی علاقائی سالمیت کے منافی ہیں اور خطے میں کشیدگی میں اضافہ علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
پاکستانی مندوب نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی شہری کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ شہری میزائل حملے سے گرنے والے ملبے کی زد میں آ کر جاں بحق ہوا۔
انہوں نے فریقین سے مطالبہ کیا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو خطے کے دیگر ممالک کی سلامتی اور علاقائی خودمختاری کو متاثر کریں اور تمام تنازعات کو سفارتی ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے۔
حالیہ کشیدگی کے باعث خلیجی خطے میں سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا ہے اور متعدد ممالک نے تحمل اور بات چیت پر زور دیا ہے۔













