پی آئی اے نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے پیش نظر خلیجی ممالک کے لیے پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں جبکہ سعودی عرب کے لیے پروازوں کے روٹس تبدیل کر دیے گئے ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورتحال کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے خلیجی ممالک کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔ ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ یہ فیصلہ خطے کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق متحدہ عرب امارات، بحرین، دوحہ اور کویت کے لیے تمام پروازیں فی الحال معطل کر دی گئی ہیں۔ یہ پروازیں ابتدائی طور پر کل شام تک یا متعلقہ فضائی حدود کی بحالی تک آپریٹ نہیں ہوں گی۔
پی آئی اے نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کے لیے پروازیں جاری رہیں گی، تاہم ان کے روٹس تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ ان پروازوں کو بوئنگ 777 طیاروں پر منتقل کر دیا گیا ہے، جو طویل راستے سے اپنی منزل تک پہنچیں گی۔
ترجمان کے مطابق فلائٹ آپریشن کی مزید بحالی یا توسیع شدہ معطلی کا فیصلہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ ایئرلائن نے مسافروں کو اپنی پروازوں سے متعلق تازہ معلومات کے لیے رابطے میں رہنے کی اپیل کی ہے۔















