وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ایس ڈی پی پورٹل کا افتتاح کر دیا، مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں کمی کا اعلان کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) پورٹل کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان گورننس فورم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جون 2023 میں پاکستان دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھا، مگر اب مجموعی معاشی صورتحال حوصلہ افزا ہے۔ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آچکی ہے جبکہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر ساڑھے 10 فیصد کی سطح پر پہنچ چکا ہے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ مشترکہ کوششوں سے ملک کی اقتصادی حالت میں بہتری آئی ہے اور بجلی کی قیمت میں 7 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے 200 ارب روپے کی بجلی چوری کے خاتمے پر زور دیا اور کہا کہ کرپشن زدہ اداروں کو ختم کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے ڈائریکٹ ٹیکسز میں کمی اور بالواسطہ ٹیکس کی چوری روکنے کے لیے آئندہ بجٹ میں مؤثر اقدامات کا اعلان کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو جدید تکنیکی تعلیم فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ تمام چیلنجز پر قابو پانے کے لیے جامع حکومتی حکمت عملی اپنائی جائے گی اور پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔














