ماہرین صحت نے کہا ہے کہ ٹائپ ٹو ذیابیطس مریض احتیاط اور منصوبہ بندی کے ساتھ روزہ رکھ سکتے ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ماہرین صحت نے کہا ہے کہ ٹائپ ٹو ذیابیطس مریض اگر اپنی حالت کو مناسب طور پر کنٹرول کرلیں تو احتیاط اور منصوبہ بندی کے ساتھ روزہ رکھ سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، مریضوں کو اپنی غذا، ادویات اور شوگر لیول پر نظر رکھنی چاہیے تاکہ کسی خطرناک صورتحال سے بچ سکیں۔ سحری اور افطار میں متوازن غذا جیسے کہ گندم اور جو کے آٹے کی روٹی، پروٹین سے بھرپور غذا مثلاً انڈے، چکن اور دہی کا استعمال مفید ہے جبکہ تلی ہوئی اور زیادہ چکنائی والی غذا سے پرہیز کریں۔
ذیابیطس مریضوں کے لیے اسٹیویا پلانٹ کا استعمال بھی چینی کے متبادل کے طور پر تجویز کیا گیا ہے تاکہ شوگر لیول کو متاثر کیے بغیر مٹھاس فراہم ہو سکے۔
ماہرین نے زور دیا کہ روزہ رکھنے والے مریض دن میں کم از کم تین مرتبہ بلڈ شوگر چیک کریں۔ سحری، افطار سے قبل اور افطار کے بعد چیک کرنے سے پیچیدگیوں سے بچاؤ ممکن ہے۔















