معین علی نے دی ہنڈرڈ میں پاکستانی کرکٹرز کے امتیاز پر خبردار کیا اور انگلش بورڈ سے اقدامات کا مطالبہ کیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے پاکستانی کرکٹرز کے حق میں کھل کر موقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں بھارتی مالکان کی جانب سے ممکنہ امتیازی سلوک پر خبردار کیا ہے، کہتے ہیں کہ اگر پاکستانی کرکٹرز کو نظر انداز کیا گیا تو وہ اس کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ معین علی کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ کو اس امتیاز کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے چاہییں۔
ایک انٹرویو میں معین علی نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ان کی قومیت کی بنیاد پر نظرانداز کرنا افسوسناک ہوگا اور برطانیہ میں ایسا امتیازی سلوک نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کھلاڑیوں کو یہ محسوس ہوا کہ دی ہنڈرڈ کی ٹیموں کے مالکان امتیازی رویہ اپنا رہے ہیں تو وہ متحد ہو کر احتجاج کریں گے۔
معین علی نے کہا کہ ایسے معاملات کو حل کرنے کا وقت آ گیا ہے اور یہ رویہ مخصوص لوگوں کے خلاف امتیاز ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بھارت اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں خرابی کے بعد بنگلہ دیشی کھلاڑی بھی ایسے رویے کا سامنا کر سکتے ہیں۔















