عثمان طارق کے منفرد بولنگ ایکشن کی وجہ سامنے آ گئی

عثمان طارق نے ٹینس بال کرکٹ کو اپنے منفرد بولنگ ایکشن کی وجہ قرار دیا ہے، عالمی کپ میں 8 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
عثمان طارق کے منفرد بولنگ ایکشن کی وجہ سامنے آ گئی

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستانی اسپنر عثمان طارق نے ٹینس بال کرکٹ کو اپنے منفرد بولنگ ایکشن کی وجہ قرار دیا ہے۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں عثمان طارق اپنی منفرد بولنگ ایکشن کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ ان کے غیر روایتی انداز نے نہ صرف شائقین بلکہ کرکٹ کے ماہرین کو بھی حیران کر دیا ہے۔

عالمی کپ کے ابتدائی میچز میں انہوں نے 8 وکٹیں حاصل کی ہیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کی انوکھی تکنیک محض دکھاوا نہیں بلکہ مؤثر ہتھیار بھی ہے۔ عثمان طارق کا کہنا ہے کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ بولنگ ایکشن کو اس قدر توجہ ملے گی۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وہ ہر لمحے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے پر خوش ہیں۔ کمنٹیٹرز اور سابق کرکٹرز کی جانب سے ملنے والی تعریف ان کے لیے اعزاز ہے اور وہ مزید بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

عثمان طارق نے بتایا کہ ٹینس بال کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کے دوران یہ انداز اپنایا، بولنگ کو سلو موشن میں دیکھنے پر ٹائمنگ مکمل طور پر درست نظر آتی ہے، بس رفتار میں معمولی فرق ہوتا ہے۔ سپر ایٹ مرحلے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستانی اسپنرز نے واضح حکمت عملی تیار کر رکھی ہے، اگر وکٹ سے مدد ملی تو اپنی منصوبہ بندی پر بہتر انداز میں عمل کر سکیں گے۔

انہوں نے اپنے مخصوص ہیڈ بینڈ کے بارے میں بھی بتایا کہ بولنگ کے دوران بال اکثر آنکھوں کے سامنے آجاتی تھی جس سے توجہ متاثر ہوتی تھی، اس لیے ہیڈ بینڈ پہننا شروع کیا، اور شائقین کی جانب سے اس انداز کو سراہا جا رہا ہے، تو وہ اسے جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں