مارشل آرٹ میں میڈلز جیتنے والے رضوان پٹھان معاشی مشکلات کے باعث نوشہرہ کی ماربل فیکٹری میں مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔
نوشہرہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مارشل آرٹ میں متعدد میڈلز جیتنے والے قومی کھلاڑی رضوان پٹھان معاشی مشکلات کی وجہ سے نوشہرہ کی ماربل فیکٹری میں مزدوری کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
رضوان کا تعلق ضلع باجوڑ سے ہے اور انہوں نے 2018 کے قومی مارشل آرٹ مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ انہوں نے صوبائی و مقامی سطح پر بھی متعدد کامیابیاں حاصل کیں۔
معاشی مشکلات نے رضوان کو کھیل کے میدان سے ماربل فیکٹری کی مزدوری تک پہنچا دیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ حالات نے راستہ مشکل بنا دیا ہے مگر ان کی منزل سے نظریں نہیں ہٹیں۔
رضوان کی خواہش ہے کہ انہیں سرپرستی ملے تاکہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کر سکیں۔ ان کا یہ سفر ان بے شمار باصلاحیت نوجوانوں کی نمائندگی کرتا ہے جو وسائل کی کمی کے باعث آگے نہیں بڑھ پاتے۔
رضوان پٹھان جیسے کھلاڑی قوم کے قیمتی سرمایہ ہیں اور ضرورت ہے کہ انہیں سہارا دیا جائے تاکہ ان کے خواب حقیقت بن سکیں اور پاکستان کے لیے اعزاز بن جائیں۔















